لاہور میں دو مختلف ٹریفک حادثات، تین افراد جاں بحق، تین زخمی
اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ٹائیگر اسکواڈ اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔
لاہور میں دو مختلف ٹریفک حادثات، تین افراد جاں بحق، تین زخمی
لاہور میں موٹروے ایم ٹو اور ڈیفنس کے علاقے میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
موٹروے ایم ٹو ساؤتھ پر فیض پور کے قریب ایک آلٹو کار آگے جانے والی نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو افرادجاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ٹائیگر اسکواڈ اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اہلکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو جناح اسپتال لاہور منتقل کردیا۔
ترجمان سید عمران احمد کے مطابق سیکٹر کمانڈر ایم ٹو ساؤتھ اور ڈی ایس پی بیٹ 12 بھی زخمیوں کی عیادت اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اسپتال پہنچے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ حادثے کے وقت موٹرسائیکل پر دو افراد سوار تھے۔
حادثے میںجاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ زخمی کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔