حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے لائسنس معطل
معطل شدہ لائسنس کے باوجود دوبارہ گاڑی چلانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور
حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے لائسنس معطل
لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیے ہیں، جبکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اب ہر مہلک اور شدید غیر مہلک حادثے کی صورت میں ڈرائیور کا لائسنس معطل کیا جائے گا۔ مہلک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیوروں کو لائسنس کی معطلی کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے لائسنس کی معطلی عدالتی احکامات سے مشروط ہوگی۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ معطل شدہ لائسنس کے باوجود دوبارہ گاڑی چلانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شدید فضائی آلودگی اور اسموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔