مریم نواز کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار برہمی، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور
عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ
مریم نواز کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار برہمی، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور متعلقہ حکام کو عوام کے لیے سستا آٹا اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فلور ملوں کو سرکاری گندم کی سبسڈی پر فراہمی کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں فلور ملوں کو سرکاری گندم 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری بھی دے دی گئی۔
اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو مناسب قیمتوں پر آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے اور حکومت انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔