ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پانچویں برسی آج منائی جا رہی ہے
ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور ملک و قوم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پانچویں برسی آج منائی جا رہی ہے
پاکستان کے نامور ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پانچویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام تعزیتی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور ملک و قوم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل 1936 کو بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی خدمات کے نتیجے میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کیے، جس کے بعد پاکستان دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان 10 اکتوبر 2021 کو 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ قومی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کی خدمات آج بھی پاکستانی قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔