اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، پبلک آرڈر ایکٹ کے تحت اجتماعات پر پابندی
پیس فل اسمبلی ایکٹ کی خلاف ورزی پرتین سال قید ہوسکتی ہے،شہریوں کو قوانین پرعملدرآمدکی ہدایت
فائل/فوٹو: اے ایف پی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث ہر قسم کے اجتماعات اور اکٹھ پر پابندی کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کو متعلقہ احکامات کی پابندی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے علاوہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مذکورہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی اجتماع یا سرگرمی میں شرکت سے گریز کریں جو نافذ قوانین کی خلاف ورزی ہو۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور شہر میں نافذ پابندیوں کا احترام کریں۔
انتظامیہ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ پابندیوں کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔