ملتان میں گھر کے اندر دھماکا،ماں اور 13 سالہ بیٹا جاں بحق

گھر میں گیند نما چیز پھٹنے سے دھماکا، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری

October 10, 2026 · قومی

ملتان کے علاقے نیک ٹاؤن میں گھر میں دھماکے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر موجود، واقعے کی تحقیقات جاری۔ فائل فوٹو

پنجاب کے شہر ملتان میں گھر میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ماں اور اس کا 13 سالہ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔

اہل محلہ کے مطابق واقعہ ملتان کے علاقے نیک ٹاؤن میں تھانہ سیتل ماڑی کی حدود میں پیش آیا، جہاں اچانک دھماکا ہوا اور اس کی زد میں آکر ماں اور بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصرت بی بی اور ان کے 13 سالہ بیٹے انس کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچہ باہر سے گیند نما کوئی چیز گھر لایا تھا، جو پھٹ گئی۔ واقعے کے بعد ماں اور بیٹے کی لاشیں نشتر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دھماکے کی اصل وجہ اور نوعیت کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ تحقیقات مکمل ہونے اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت سے متعلق تفصیلات بتائی جا سکیں گی۔