ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی جی الیکشن کمیشن شمشاد اختر شہید

گرہ بلوچ میں فائرنگ کا واقعہ،الیکشن کمیشن نے شہید افسر کو فرض شناس قرار دے دیا

October 10, 2026 · قومی

ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد اختر محسود۔ فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد اختر محسود شہید ہوگئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمشاد اختر محسود ضلع ٹانک میں دہشت گردی کی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔

ذرائع کے مطابق شمشاد اختر محسود اپنے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے گاؤں آئے ہوئے تھے، جہاں ٹانک کے علاقے گرہ بلوچ میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال ٹانک منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق مرحوم نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے۔ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی اور یہ واقعہ خالصتاً ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شہید شمشاد خان کو اپنے ساتھیوں اور رفقائے کار میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر، ارکان الیکشن کمیشن، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور تمام ملازمین نے اس المناک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا الیکشن کمیشن سوگوار خاندان کے ساتھ ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن اور اس کے تمام ملازمین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔