وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم فیصلوں کا امکان

پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے تیار کردہ رپورٹس بھی وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان

October 11, 2026 · اہم خبریں
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم فیصلوں کا امکان

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم فیصلوں کا امکان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور سکیورٹی سے متعلق چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے تیار کردہ رپورٹس بھی وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کی بحالی، سکیورٹی انتظامات اور انتظامی معاملات سے متعلق امور شامل ہیں۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کی صورتحال کے تناظر میں اہم آئینی اور انتظامی اقدامات پر بھی غور متوقع ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اطلاعات کے مطابق 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔