پشین میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام
کارروائی کے دوران گاڑی سے تین آر پی جی، چار لائٹ مشین گنز، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
پشین میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع پشین میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود کی مبینہ اسمگلنگ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد پار سے اسلحہ اور گولہ بارود منتقل کرنے کی اطلاع پر پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران سرانان کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر اسلحے اور گولہ بارود سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گاڑی سے تین آر پی جی، چار لائٹ مشین گنز، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گرد عناصر کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔