دہلی سے چنئی جانے والی بھارتی پرواز کے دوران پاور بینک میں آگ لگ گئی

ہنگامی صورتحال، طیارے کا رخ حیدرآباد موڑ دیا گیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔

October 11, 2026 · اہم خبریں
طیارے میں پاور بینک میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد کی عکاسی کرتی علامتی تصویر۔

طیارے میں پاور بینک میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد کی عکاسی کرتی علامتی تصویر۔

دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کے دوران سامان رکھنے والے خانے میں رکھے پاور بینک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث طیارے کو ہنگامی طور پر حیدرآباد کے راجیو گاندھی ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔

دستاویزات اور ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر بس اے 321 طیارہ 35000 فٹ کی بلندی پر محوِ پرواز تھا کہ اس دوران اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں موجود ایک مسافر کے پاور بینک میں اچانک آگ لگ گئی، جس سے طیارے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔ واقعے کی وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مسافروں کو خوفزدہ حالت میں آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

عملے کے ارکان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹنگوشرز) کی مدد سے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ حفاظتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پائلٹس نے فوری طور پر طیارے کا رخ حیدرآباد کی طرف موڑ دیا جہاں اسے بحفاظت اتار لیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور بینکس میں لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال کی جاتی ہیں جو زیادہ گرم ہوکر آگ پکڑنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ تمام مسافروں کو بعد ازاں ایک متبادل طیارے کے ذریعے چنئی روانہ کر دیا گیا جبکہ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔