اسلام آبادمیں جنسی زیادتی کے جھوٹے مقدمات پر سخت کارروائی کاحکم

ڈی آئی جی کا اہم فیصلہ، 7 کیسز کے مدعیان نامزد، قانون کا غلط استعمال کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

October 12, 2026 · قومی
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کا جنسی زیادتی کے جھوٹے مقدمات بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کا جنسی زیادتی کے جھوٹے مقدمات بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

 

اسلام آباد پولیس نے جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم کے جھوٹے مقدمات درج کرانے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایسے 7 مقدمات کے مدعیان اور گواہوں کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی علی وسیم نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جنسی زیادتی کے جھوٹے الزامات عائد کر کے مقدمات درج کرائے جاتے ہیں اور بعد ازاں بڑی رقوم کے عوض ملزمان کے حق میں بیانات دے کر مقدمات ختم یا خارج کروا دیے جاتے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف اب بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دستاویزات اور پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد قانون کے غلط استعمال کی مکمل حوصلہ شکنی کرنا اور عدالتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ جنسی زیادتی جیسے گھناؤنے اور سنگین جرم کا جھوٹا الزام لگا کر ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ حقیقی متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور خواتین سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔