خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات پر پی ایم ایس اورمیٹرک امتحانات ملتوی
سخت حفاظتی اقدامات، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث امتحانات ملتوی اور تعلیمی ادارے بند
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو بند رکھنے اور تمام اہم امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں پی ایم ایس 2026 کے تحریری امتحانات 14 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک منعقد ہونا تھے، جنہیں تاحکم ثانی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملتوی کیے گئے ان امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جبکہ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور آئندہ شیڈول کے لیے خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔ امتحانات ملتوی کرنے کا یہ باضابطہ اعلامیہ ڈائریکٹر امتحانات خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں حفاظتی انتظامات کو سخت کرتے ہوئے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ بنوں تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک سالانہ امتحانات دوم کے تمام پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں اور آج ہونے والا پرچہ بھی غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے۔ کوہاٹ میں بھی امتحانات التوا کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ جنوبی وزیرستان اور لوئر دیر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ دریں اثنا ضلع مالاکنڈ میں تعلیمی ادارے آج اور کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 30 روز کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔