حج کی دوسری قسط ادا نہ کرنے والوں کی درخواستیں منسوخ کرنے کی وارننگ
اب تک 51 ہزار 500 عازمین حج دوسری قسط ادا کر چکے ہیں ، ترجمان وزارت مذہبی امور
فائل فوٹو
اسلام آباد:وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین حج سے واجبات کی دوسری قسط کی وصولی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے جاری ہے، اب تک 51 ہزار 500 عازمین حج دوسری قسط ادا کر چکے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں اب تک 32 ارب 60 کروڑ روپے وصول ہو چکے ہیں۔ 26 ہزار عازمین نے ون لنک جبکہ 2 ہزار 126 عازمین نے بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی۔
اسی طرح 23 ہزار 200 عازمین نے بینک چالان کے ذریعے نقد رقم جمع کرائی۔حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 55 فیصد برقرار ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی اور درخواست گزار کی جمع شدہ رقم واپس کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزارتِ مذہبی امور عازمین حج کو ادائیگیوں اور دیگر ضروری کارروائیوں میں سہولت دینے کے لیے ڈیجیٹل حج پورٹل بھی استعمال کرتی ہے، جس کے ذریعے واجبات کی آن لائن ادائیگی اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہوتی ہے۔