ڈیرہ اسماعیل خان: گھر میں دھماکہ، 2 خواتین جاں بحق، بچی سمیت 5 زخمی
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے گھر کے اندرونی حصے کو نقصان پہنچا۔
فائل فوٹو
ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی گاؤں کوٹ سلطان میں ایک رہائشی مکان کے اندر پیش آنے والے پُراسرار دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ ایک بچی سمیت 5 خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے گھر کے اندرونی حصے کو نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والی خواتین کی لاشوں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ضیاء الدین احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکہ دستی بم کا تھا یا اس میں کسی کواڈ کاپٹر ڈرون کا استعمال کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکے گا۔ علاقے میں اس لرزہ خیز واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔