صدر مملکت نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا
اہم سیاسی پیش رفت، آئینی اختیارات کا استعمال، اجلاس منگل کو ہوگا
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایوان صدر میں ہونے والا اہم اجلاس
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت تفویض کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق 16 ویں قومی اسمبلی کا یہ 30 واں اجلاس منگل 13 اکتوبر 2026 کو شام 6 بج کر 15 منٹ پر پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔
قبل ازیں، ایوان صدر میں صدر مملکت اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پر بھجوائی گئی رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس آئینی قدم کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے الگ الگ اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی باضابطہ منظوری لیے جانے کا قوی امکان ہے۔
صدر مملکت کے ساتھ ہونے والی اس اہم ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر احد چیمہ نے کی۔ جبکہ صدر مملکت کی معاونت کرنے والوں میں سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم شامل تھے۔