ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی

October 13, 2026 · قومی
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے احتجاج، دہشت گردی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر جج نے کہا کہ دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ابوالحسنات ذوالقرنین ہی کریں گے۔

دوران سماعت جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ کیا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی؟ اس پر شیریں مزاری نے کہا کہ انہیں بہت زیادہ پریشان کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ملاقات کروائی جاتی ہے۔

وکیل صفائی ریاست آزاد نے عدالت سے درخواست کی کہ مقدمے کی سماعت پرسوں تک ملتوی کردی جائے۔ اس پر جج طاہر عباس سپرا نے بتایا کہ متعلقہ جج پرسوں دستیاب نہیں ہوں گے۔

وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت وکلا کو اتنی سہولت دے کہ وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے رہ سکیں۔ بعد ازاں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے وکلا نے سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔