کھٹملوں کے باعث اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز منسوخ
روم پہنچنے کے بعد بوئنگ 787 طیارے کو مزید پروازوں سے ہٹا دیا گیا اور اس کی مکمل صفائی کے ساتھ جراثیم کش کارروائی شروع کردی گئی۔
کھٹملوں کے باعث اٹلی سے آسٹریلیا جانے والی پرواز منسوخ
آسٹریلیا کی فضائی کمپنی قنطاس کی روم سے پرتھ جانے والی پرواز طیارے میں کھٹملوں کی موجودگی اور مسافروں کو کاٹنے کی شکایات کے بعد منسوخ کردی گئی، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق 9 اکتوبر کو پرتھ سے روم جانے والی تقریباً 17 گھنٹے طویل پرواز کے دوران اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے بعض مسافروں نے کھٹملوں کے کاٹنے کی شکایات کیں۔
روم پہنچنے کے بعد بوئنگ 787 طیارے کو مزید پروازوں سے ہٹا دیا گیا اور اس کی مکمل صفائی کے ساتھ جراثیم کش کارروائی شروع کردی گئی۔
اس واقعے کے نتیجے میں 10 اکتوبر کو روم سے پرتھ جانے والی واپسی کی پرواز منسوخ کرنا پڑی۔ قنطاس نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کی گہری صفائی کے لیے انجینئرز اور دیکھ بھال کے عملے نے کام کیا۔
کمپنی کے مطابق متاثرہ مسافروں کے لیے رہائش کا انتظام کیا گیا اور انہیں 48 گھنٹوں کے اندر متبادل پروازوں کے ذریعے روانہ کرنے کے انتظامات کیے گئے۔
ماہرین کے مطابق کھٹمل کپڑوں، سفری سامان اور دیگر ذاتی اشیا کے ذریعے طیاروں میں پہنچ سکتے ہیں اور نشستوں کی درزوں میں چھپے رہ سکتے ہیں۔ ان کے کاٹنے سے جلد پر خارش اور سوجن ہوسکتی ہے، تاہم یہ کیڑے عام طور پر انسانوں میں بیماریاں منتقل کرنے کے لیے معروف نہیں ہیں۔
قنطاس کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں کی باقاعدگی سے صفائی کی جاتی ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ہر 50 دن بعد جراثیم کش عمل بھی انجام دیا جاتا ہے۔