کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار
ملزمان پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار
کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی اور وفاقی سول حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد میں تین کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جبکہ ایک کا تعلق سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق پہلی کارروائی ابوالحسن اصفہانی روڈ کے علاقے بلاک 4 کے قریب ایک عوامی پارک میں کی گئی، جہاں اطلاع ملنے پر مشترکہ ٹیم نے چھاپہ مارا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے تین افراد مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ کارروائی کی تیاری کر رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار افراد اپنے تنظیمی کمانڈر سے رابطے میں تھے اور دستی بموں کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور سمیت کسٹمز کی گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ کارروائی کے دوران تین دستی بم اور تیس بور کا ایک پستول بمع میگزین برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت غلام یاسین ولد رئیس وزیر، آفتاب احمد ولد غلام مصطفیٰ اور شعیب ولد عبدالحئی کے ناموں سے ظاہر کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے نے دوسری کارروائی کورنگی کازوے کے قریب کی، جہاں حکام کے مطابق سندھ ریولوشنری آرمی سے تعلق رکھنے والے آصف علی عرف آصف سندھی ولد عاشق علی چاچڑ کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے ایک غیر ملکی شہری، پولیس کے ڈی ایس پی، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کی رہائش گاہ کی مبینہ طور پر ریکی کرنے کا انکشاف کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔