کراچی میں کالعدم بی ایل اے اور ایس آر اے کے چار مبینہ دہشت گرد گرفتار
سی ٹی ڈی اوروفاقی حساس ادارےکی کارروائیاں،تین دستی بم اور پستول برآمد،حساس مقامات کی ریکی کاانکشاف
کراچی میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم بی ایل اے اور ایس آر اے سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور دستی بم برآمد۔
کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی سول حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد میں تین کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جبکہ ایک کا تعلق سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے ہے۔ ملزمان کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی حساس ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے تین تربیت یافتہ مبینہ دہشت گرد اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں موجود ہیں۔ اس اطلاع پر مشترکہ ٹیم نے ابوالحسن اصفہانی روڈ، بلاک 4 کے قریب واقع ایک پبلک پارک میں اس وقت چھاپہ مارا جب ملزمان اکٹھے ہوکر کارروائی کے لیے روانہ ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے تنظیمی کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور دستی بموں کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک دفتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور کسٹمز کی موبائل گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ ان کے قبضے سے تین دستی بم اور ایک 30 بور پستول بمع میگزین برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان میں غلام یاسین ولد رئیس وزیر، آفتاب احمد ولد غلام مصطفیٰ اور شعیب ولد عبدالحئی شامل ہیں۔
ایس آر اے سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشت گرد بھی گرفتار
سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ ٹیم نے دوسری کارروائی میں بھارتی پراکسی قرار دی جانے والی کالعدم تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے وابستہ مبینہ دہشت گرد آصف علی عرف آصف سندھی ولد عاشق علی چاچڑ کو کورنگی کازوے ندی کے قریب سے گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک دستی بم برآمد ہوا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک غیر ملکی شہری، پولیس کے ڈی ایس پی، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی ریکی مکمل کر رکھی تھی۔ ملزم اپنے تنظیمی کمانڈر کی ہدایات پر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔