پشاور کے علاقے باڑہ میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے ، پولیس
چند شرپسند عناصر نے بد امنی پھیلانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باڑہ میں 50 کے قریب شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا، پولیس
فائل فوٹو
پشاور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور کے علاقے باڑہ میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور وہاں کوئی پولیس اہلکار اغوا نہیں ہوا۔
ترجمان پشاور پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں، باڑہ صورتحال مکمل قابو میں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چند شرپسند عناصر نے بد امنی پھیلانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باڑہ میں 50 کے قریب شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف دہشت گردی، تخریب کاری اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔