سوات میں 6 افغان ڈاکٹرز کی ہاؤس جاب روک دی گئی، پاکستان چھوڑنے کی ہدایت
وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ احکامات جاری کیے گئے۔ انتظامیہ
سوات میں 6 افغان ڈاکٹرز کی ہاؤس جاب روک دی گئی، پاکستان چھوڑنے کی ہدایت
سوات کے سیدو شریف اسپتال میں زیرِ تربیت 6 افغان ڈاکٹرز کو ہاؤس جاب جاری رکھنے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر ہاسٹل خالی کرکے پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مراسلے کی روشنی میں یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ احکامات جاری کیے گئے۔
دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے مختلف طبی مراکز میں تعینات 30 ڈاکٹروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ان ڈاکٹروں پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی تقرریوں کے الزامات تھے۔ برطرف کیے گئے ڈاکٹرز صوبے کے مختلف طبی مراکز میں خدمات انجام دے رہے تھے۔