سعودی عرب میں فضائی آپریشن متاثر، پاکستان کی 114 پروازیں منسوخ
ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں
سعودی عرب میں فضائی آپریشن متاثر، پاکستان کی 114 پروازیں منسوخ
سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر مبینہ حوثی حملوں اور فضائی آپریشن محدود ہونے کے باعث پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 114 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پاکستان سے ریاض آنے اور جانے والی مزید 28 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔
اسی دوران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کی جانب روانہ کر دیا۔ کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں بھی منسوخ ہوئیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز منسوخ کر دی گئی۔
دوسری جانب لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں بھی ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
فضائی آپریشن میں خلل کے باعث اندرون ملک پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹے، جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی سات پروازوں میں ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔