اسلام آباد ایئرپورٹ پر روس جانے والا طالبعلم مشتبہ اسناد پر آف لوڈ

مسافر نے بتایا کہ تعلیمی دستاویزات اسے فراہم کی گئی تھیں، جبکہ روس کے اسٹڈی ویزے اور فضائی ٹکٹ کا انتظام ایک ایجنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔ابتدائی تفتیش

October 14, 2026 · قومی
اسلام آباد ایئرپورٹ پر روس جانے والا طالبعلم مشتبہ اسناد پر آف لوڈ

اسلام آباد ایئرپورٹ پر روس جانے والا طالبعلم مشتبہ اسناد پر آف لوڈ

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اسناد کی تصدیق نہ ہونے پر اسٹڈی ویزے کے ذریعے روس جانے والے ایک طالبعلم کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق مسافر کے میٹرک سرٹیفکیٹ اور تفصیلی نمبرز سرٹیفکیٹ پر درج بار کوڈز کی جانچ کی گئی، تاہم انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور وزارت خارجہ سے ان دستاویزات کی تصدیق کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہوا، جس کے بعد اسناد کو مشتبہ قرار دیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ تعلیمی دستاویزات اسے فراہم کی گئی تھیں، جبکہ روس کے اسٹڈی ویزے اور فضائی ٹکٹ کا انتظام ایک ایجنٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔

 

واقعے کا مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران اس معاملے میں دیگر ممکنہ ملوث افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر انچارج شفٹ سی سید کاشف علی کی نگرانی میں کی گئی۔ ٹیم میں ایف سی نعیم اللہ اور ایف سی حسن نثار شامل تھے، جبکہ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر شازیہ نورین کر رہی ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک سفر کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔