اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹول ٹیکس، جرمانوں اور ایم ٹیگ کے مقدمات یکجا
عدالت نے مقدمات کی مشترکہ سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹول ٹیکس، جرمانوں اور ایم ٹیگ کے مقدمات یکجا
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے موٹرویز اور اہم شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافے، ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد اضافے اور ایم ٹیگ سے متعلق مقدمات یکجا کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ٹول ٹیکس میں اضافے پر سوال اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کس اختیار کے تحت اپنی سطح پر ٹول ٹیکس بڑھا سکتی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹول ٹیکس میں اضافہ ہو چکا ہے اور اس کی رقم 1100 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ اس پر این ایچ اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ چار سال کے دوران ٹول ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا اور وہ اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں گے۔
عدالت نے این ایچ اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ اپنا جواب باقاعدہ دستاویز کی صورت میں جمع کرائیں تاکہ اسے آن لائن بھی دستیاب کیا جا سکے۔
سماعت کے دوران این ایچ اے کے وکیل نے بتایا کہ ایم ٹیگ سے متعلق اسی نوعیت کے ایک دوسرے مقدمے میں حکم امتناع جاری ہے، جس کے باعث لوگ ایم ٹیگ نہیں لگوا رہے۔ یہ مقدمہ جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے متعلقہ مقدمہ بھی طلب کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے تمام کیسز کو یکجا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے مقدمات کی مشترکہ سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔