اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا اہم عندیہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

October 14, 2026 · قومی
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا اہم عندیہ

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر الیکشن کمیشن کا اہم عندیہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس معاملے پر باقاعدہ سماعت 21 اکتوبر 2026 کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل 21 جولائی 2026 کو شروع کیا گیا تھا، جو مکمل ہو چکا ہے، جبکہ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق قواعد کے لیے اپنی تجاویز 20 جولائی 2026 کو وزارت داخلہ کو ارسال کی تھیں۔ ان تجاویز کی روشنی میں ضروری قانون سازی اور قواعد کی تیاری کا عمل جاری تھا۔

تاہم، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2026 کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی، جس کے باعث قواعد کی تیاری کا معاملہ بھی تعطل کا شکار ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آرڈیننس کی میعاد ختم ہونے کے بعد وزارت قانون و انصاف نے قواعد کا مسودہ وزارت داخلہ کو واپس بھیج دیا۔

اس صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان سے وضاحت طلب کی جا سکے کہ قانون سازی مکمل نہ ہونے کی صورت میں انتخابات 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت کیوں نہ کرائے جائیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی معاونت سے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ پرانے قانون کے تحت انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا معاملہ بھی سماعت کے بعد طے ہوگا۔