کراچی میں گھر سے 5 لاشیں ملنے کی تحقیقات جاری-پولیس سرجن کے انکشافات
پوسٹ مارٹم مکمل، دو افراد کے سر میں گولی لگی، قتل یا خودکشی فوری طور پرواضح نہ ہوسکا
ڈاکٹر سمعیہ سید
کراچی کے علاقے بن قاسم میں لنک روڈ فلک ناز سوسائٹی کے ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، اور تمام لاشیں سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے اس ہولناک واقعے کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے 5 افراد میں سے 2 افراد کی موت سر پر گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے۔
پولیس سرجن کے مطابق متوفی شاہ زیب (عمر تقریباً 35 سال) اور صبا (عمر 28 سے 30 سال) کے سر پر ایک، ایک گولی لگی تھی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ شاہ زیب اور صبا کے جسم سے گن شاٹ ریزیڈیو، کیمیائی تجزیے اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جاں بحق ہونے والی دیگر تین خواتین اور بچوں میں شمائلہ (عمر 20 سے 22 سال)، ایزل (عمر تقریباً 5 سال) اور آریا (عمر 3 سال) شامل ہیں، جن کی موت کی وجوہات متعلقہ لیبارٹری رپورٹس آنے تک محفوظ رکھی گئی ہیں۔ تینوں کے بھی کیمیائی تجزیے، سیرولوجی اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات اور پولیس ذرائع کے مطابق یہ بات تاحال واضح نہیں ہو سکی کہ آیا یہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، اور اس حوالے سے حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹس کی موصولی کے بعد ہی سامنے آ سکے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور اموات کی اصل وجوہات کا تعین تفصیلی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ دریں اثنا، متوفی خاندان کے پانچوں افراد کی نماز جنازہ آج شام بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔