وفاقی دارالحکومت میں کریک ڈاؤن کے دوران 4 شیشہ کیفے سیل
عدالتی احکامات کی روشنی میں شیشہ کیفے مالکان کو جاری کیے گئے تمام این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں، انتظامیہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں کریک ڈاؤن کے دوران 4 شیشہ کیفے سیل کردیے۔
عدالت عظمیٰ کے احکامات پر وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفیز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری کارروائیاں کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں چار شیشہ کیفے سیل کر دیے ہیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں شیشہ کیفیز کے خلاف فوری کارروائی کریں اور عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انتظامیہ کا کہنا تھا عدالتی احکامات کی روشنی میں شیشہ کیفے مالکان کو جاری کیے گئے تمام این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور تمام اقسام کے کیفیز کے خلاف کارروائیاں کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات پر بلاامتیاز عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی، وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا مقصد عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔