119 کنال اراضی کی مبینہ جعلسازی، ناصر چیمہ سمیت متعدد افراد نامزد
اراضی کا انتقال 10 فروری 2022 کو اس وقت درج کیا گیا جب کمپنی کے نام کی تبدیلی کی منظوری کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا۔
119 کنال اراضی کی مبینہ جعلسازی، ناصر چیمہ سمیت متعدد افراد نامزد
گوجرانوالہ میں 119 کنال 11 مرلے قیمتی اراضی کی مبینہ جعلسازی اور غیر قانونی منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ناصر چیمہ، ان کے دو بیٹوں اور محکمہ مال کے بعض افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
درج مقدمے کے مطابق کوٹ خضری میں واقع رائس مل کی اراضی مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کی مدد سے جمال ناصر چیمہ کے نام منتقل کی گئی۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اراضی کا انتقال 10 فروری 2022 کو اس وقت درج کیا گیا جب کمپنی کے نام کی تبدیلی کی منظوری کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا۔
مقدمے میں کمپنی کے حصص کی منتقلی کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق انکوائری کے دوران کمپنی کے شیئرز کی منتقلی سے متعلق معاملات میں بھی سوالات سامنے آئے۔
یہ مقدمہ قتل کے الزام میں جیل میں قید اختر شہزاد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جنہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے وراثتی جائیداد پر قبضہ کیا گیا۔
مقدمے میں جمال ناصر چیمہ، بلال ناصر چیمہ اور محکمہ مال کے افسران سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم، مقدمے میں عائد الزامات کی عدالتی طور پر تصدیق ہونا باقی ہے اور نامزد افراد کا مؤقف سامنے آنے پر معاملے کی مزید تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔