بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، مستونگ میں 2 دہشت گرد ہلاک، 104 افغان شہری گرفتار
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، مستونگ میں 2 دہشت گرد ہلاک، 104 افغان شہری گرفتار
کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دشت اور تربت میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے پرنگ آباد کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر فورسز نے بروقت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں کی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔