بلوچستان:واشک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنہ الہندوستان سے بتایا گیا ہے۔
بلوچستان:واشک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنہ الہندوستان سے بتایا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان میں بیرونی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔