عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بیرسٹرگوہر کااظہار لاتعلقی

بیرسٹر گوہر علی خان، بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام بھی پیش ہوئے۔

October 15, 2026 · قومی
عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بیرسٹرگوہر کااظہار لاتعلقی

عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے بیرسٹرگوہر کااظہار لاتعلقی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت اس اکاؤنٹ کی ذمہ داری قبول نہیں کرتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بیرسٹر گوہر علی خان، بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام بھی پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر طلب نہیں کیا گیا تھا اور وہ اپنا تحریری جواب بھی جمع کرا سکتے تھے۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کی ذمہ داری قبول نہیں کرتی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ حالات تبدیل ہوچکے ہیں، اس لیے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے تفصیلی جواب تیار کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے انہیں تحریری مؤقف جمع کرانے کا وقت دے دیا۔

بعد ازاں عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔