غفلت برتنے پر حکام کے خلاف کارروائی کی جائے، پشاور واقعے پر پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا مطالبہ
اگر غفلت برتنے والوں کو سزا نہیں دی گئی، تو ایسے سانحات دوبارہ رونما ہوں گے ، کاشف مرزا
پشاور:آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر یہ مطالبہ کیا ہے کہ ’ان متعلقہ حکام کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے جن کی غفلت کے باعث ایک خستہ حال اور گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی عمارت سکول کے طور پر کام کرتی رہی۔‘
ایک بیان میں فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا کہ اگر غفلت برتنے والوں کو سزا نہیں دی گئی، تو ایسے سانحات دوبارہ رونما ہوں گے۔
واقعے کی ایک مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ عدالتی تحقیقات ہونی چاہییں، تاکہ یہ جائزہ لیا جا سکے کہ آیا تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی ہوئی تھی اور کیا اس عمارت کا سکول رجسٹریشن پر کبھی معائنہ کیا گیا تھا یا نہیں۔‘
کاشف مرزا نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات میں نہ صرف عمارت کے مالک بلکہ ان حکام کا بھی تعین کیا جانا چاہیے جنھوں نے ایک خستہ حال عمارت میں سکول چلانے کی اجازت اور این او سی جاری کیے۔