اسکول کی چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والے 16 بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا
اجتماعی نماز جنازہ پشاور میں سپیرئر سائنس کالج کے ساتھ واقع گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
پشاور:دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے دلخراش واقعے میں جاں بحق ہونے والے 16 معصوم بچوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ غم اور سوگ میں ڈوبے اس روح فرسا منظر نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔
اجتماعی نماز جنازہ پشاور میں سپیریئر سائنس کالج کے ساتھ واقع گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں شہداء کے لواحقین، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ، اور علاقے کے ہزاروں شہریوں نے انتہائی رقت آمیز ماحول میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے دوران فضا سوگوار رہی اور ہر شخص اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا۔
واقعے کے بعد سے علاقے میں کہرام مچا ہوا ہے۔ متاثرہ خاندانوں اور شرکائے جنازہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس المناک حادثے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ غفلت برتنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے، اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی سکیورٹی اور فٹنس کا فوری طور پر جائزہ لیا جائے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی صبح پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں مجموعی طور پر 35 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں 33 طلبہ جبکہ ایک خاتون ٹیچر شامل ہیں۔
مرنے والے 34 بچوں کی عمریں چھ سے 14 سال کے درمیان ہیں۔