پشاور:اسکول سانحہ ، شہدا کے لواحقین کیلیے فی کس10 لاکھ ، زخمیوں کیلیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان

المناک حادثے میں جو بھی عناصر ملوث پائے گئے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ، فیصل کریم کنڈی

October 15, 2026 · قومی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دیر کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک عمارت گرنے کے سانحہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کے مطابق، سانحہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جبکہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے 2 لاکھ فی کس امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ ایک دلخراش واقعہ ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واقعہ کی مکمل شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور یہ معلوم کیا جائے گا کہ اس خستہ حال عمارت کو گزشتہ دور حکومت میں کس کی مبینہ غفلت یا ملی بھگت سے این او سی (NOC) جاری کی گئی تھی۔

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ اس المناک حادثے میں جو بھی عناصر ملوث پائے گئے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔