ارکان کی عدم دلچسپی، سینیٹ اجلاس پیر تک ملتوی

اجلاس پریذائیڈنگ افسر شہادت اعوان کی زیر صدارت شروع ہوا، تاہم ارکان کی عدم موجودگی کے باعث ایوان کی معمول کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی

October 16, 2026 · قومی
ارکان کی عدم دلچسپی، سینیٹ اجلاس پیر تک ملتوی

ارکان کی عدم دلچسپی، سینیٹ اجلاس پیر تک ملتوی

سینیٹ کا اجلاس ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث پیر 19 اکتوبر شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس پریذائیڈنگ افسر شہادت اعوان کی زیر صدارت شروع ہوا، تاہم ارکان کی عدم موجودگی کے باعث ایوان کی معمول کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی اور اجلاس وقفۂ سوالات تک محدود رہا۔

اجلاس کے دوران سینیٹر سعدیہ عباسی نے اسلام آباد میں اخبارات کی تقسیم متاثر ہونے کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اخبارات تقسیم نہیں ہوئے کیونکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ان دفاتر پر چھاپے مارے اور انہیں سیل کر دیا جہاں سے اخبارات کی ترسیل کی جاتی تھی۔ انہوں نے اس اقدام کو سنگین قرار دیا۔

دوسری جانب متروکہ وقف املاک بورڈ میں بلوچستان سے کسی غیر سرکاری رکن کو شامل نہ کیے جانے کا معاملہ بھی سینیٹ میں زیر بحث آیا۔ سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ بلوچستان کی اقلیتوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور بورڈ کے 15 غیر سرکاری ارکان میں صوبے سے کسی کو نمائندگی نہیں دی گئی۔

دنیش کمار کے مطابق بورڈ میں شمولیت کے لیے بلوچستان حکومت سے نام طلب کیے گئے تھے اور صوبائی حکومت نے نام بھی بھجوائے، تاہم ان پر غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بلوچستان کی اقلیتوں کا کوئی والی وارث نہیں؟

اس موقع پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ یہ معاملہ محض بیوروکریسی تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک مخصوص ذہنیت بھی کارفرما ہے۔