خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کا انتخاب جاری
مقامی عمائدین، علمائے کرام اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جرگوں اور مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے
خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کا انتخاب جاری
خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں نئے انتظامی نظام کے تحت علاقائی ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں مقامی عمائدین، علمائے کرام اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ جرگوں اور مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی آبادی کو نمائندگی فراہم کی جا سکے اور عوامی مسائل و ترقیاتی ضروریات کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچایا جا سکے۔
جاری اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر کو باجوڑ، کرم، باڑہ، خیبر، اپر دیر اور لوئر دیر میں جرگے اور مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں علاقائی ترقیاتی کونسل کے کردار، مقامی نمائندگی، امن و امان کی صورتِ حال اور ترقیاتی ضروریات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل مہمند، بنوں اور وزیرستان میں بھی ملک و مشران، علمائے کرام اور مقامی عمائدین کے ساتھ جرگے منعقد کیے گئے۔ ان اجلاسوں میں نئے انتظامی نظام، کونسلوں میں مقامی نمائندگی اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق علاقائی ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کا انتخاب مقامی آبادی کی خواہشات، قبائلی روایات اور باہمی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جرگہ نظام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام اس عمل میں مقامی عمائدین کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
نئے انتظامی نظام کے تحت جن 12 اضلاع میں کونسلوں کے ارکان کا انتخاب کیا جا رہا ہے، ان میں باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باقی ماندہ اضلاع میں بھی آئندہ دو روز کے دوران نمائندگان کے انتخاب کا عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ علاقائی ترقیاتی کونسلوں کا مقصد مقامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی، عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز مرتب کرنا اور متعلقہ انتظامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مقامی عمائدین نے نئے انتظامی نظام کے تحت سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔