شہید بچوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے، بیرسٹر گوہر

زخمی بچوں کے علاج معالجے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

October 16, 2026 · قومی
شہید بچوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے، بیرسٹر گوہر

شہید بچوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے پشاور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ لارجر بینچ تشکیل دے کر اس معاملے کا جائزہ لیا جائے اور جلد فیصلہ سنایا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور اسپتالوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسکول میں چھت گرنے کے واقعے میں بچوں کی شہادتوں اور طلبہ کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید بچوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور زخمی بچوں کے علاج معالجے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ زخمی بچوں کے علاج سے متعلق تاحال انہیں کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ متاثرہ بچوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی کے ارکان کی گرفتاریوں پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ تین ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے گئے ہیں، حالانکہ ارکان اسمبلی کو گرفتار ہی نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیرِ حراست ارکان قومی اسمبلی کی حراست کے احکامات ختم کیے جائیں اور انہیں واپس لایا جائے۔