سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف انکوائری بند

جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ سنایا۔

October 16, 2026 · قومی
سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف انکوائری بند

سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف انکوائری بند

وفاقی آئینی عدالت نے سابق ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) شہزاد سلیم کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف تقرری سے متعلق نیب انکوائری بند کر دی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ سنایا۔

سماعت کے دوران شہزاد سلیم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب نے ان کی تقرری سے متعلق انکوائری تقریباً 9 سال بعد شروع کی، جبکہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں اس معاملے کا جائزہ لے چکی تھی۔

اس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے نیب کی جانب سے انکوائری میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا نیب اتنا عرصہ سویا رہا؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ ڈی جی نیب کی تقرری کے معاملے کی جانچ پہلے ہی کر لی جانی چاہیے تھی۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری میں تاخیر ادارے کی جانب سے ہوئی، تاہم ان کے مطابق شہزاد سلیم کی نیب میں تعیناتی درست نہیں تھی اور اس حوالے سے دستاویزی ریکارڈ موجود ہے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ جب سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا تو اسی وقت متعلقہ معاملات کی جانچ کر لینی چاہیے تھی۔ پراسیکیوٹر نیب نے وضاحت کی کہ سپریم کورٹ کے حکم پر شہزاد سلیم کی ترقیوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ترقیوں کی جانچ کے ساتھ نیب کو تقرری کے پورے عمل کا بھی جائزہ لینا چاہیے تھا۔ بعد ازاں عدالت نے شہزاد سلیم کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف تقرری سے متعلق انکوائری بند کرنے کا حکم دے دیا۔