خیبرپختونخوا میں دو ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، 8 زخمی
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں
خیبرپختونخوا میں دو ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، 8 زخمی
خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر اور چارسدہ میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بونیر کے علاقے باباجی کنڈاؤ میں مسافر ہائی ایس بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں 5 ایمبولینسز اور 20 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب چارسدہ میں ترناب روڈ کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 3 بچے زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 5 سالہ مبین ولد فرہاد اللہ اور 11 سالہ سیف اللہ ولد شیر ولی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ 14 سالہ یاسین زخمی ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مبین اور یاسین کا تعلق گلشن آباد خٹ کورونہ جبکہ سیف اللہ کا تعلق خیشگی سے تھا۔
خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے ان دونوں حادثات نے کئی خاندانوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔ حکام کی جانب سے حادثات کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔