پشاور اسکول سانحہ:ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ تیار

مجموعی طور پر 20 ایمبولینسز اور 100 ریسکیو اہلکاروں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ کیا گیا۔

October 16, 2026 · قومی
پشاور اسکول سانحہ:ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ تیار

پشاور اسکول سانحہ:ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ تیار

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے سے متعلق ریسکیو 1122 نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں امدادی کارروائیوں اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت روانگی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر کو صبح 8 بج کر 48 منٹ پر حادثے سے متعلق پہلی ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری طور پر دو ایمبولینسز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیں۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو ایمبولینسز پانچ منٹ کے اندر جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ حادثے کی سنگینی کا اندازہ ہونے پر امدادی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید ایمبولینسز اور اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔ مجموعی طور پر 20 ایمبولینسز اور 100 ریسکیو اہلکاروں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کے دوران ملبے سے مجموعی طور پر 56 متاثرین کو نکالا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات ابتدائی رپورٹ کا حصہ ہیں، جبکہ حادثے کی دیگر وجوہات سے متعلق معلومات اس رپورٹ میں بیان نہیں کی گئیں۔