کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3540 روپے کا ہوگیا
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو بنیادی غذائی ضرورت پوری کرنے کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے
کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3540 روپے کا ہوگیا
ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو بنیادی غذائی ضرورت پوری کرنے کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3540 روپے تک پہنچ گیا ہے، جو ملک کے درج کردہ شہروں میں سب سے زیادہ قیمت ہے۔
دستاویزات کے مطابق کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 140 روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ فیصل آباد میں اسی وزن کا تھیلا 800 روپے مہنگا ہو کر 3000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ خضدار میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 3400 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
سندھ کے دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ لاڑکانہ میں 20 کلو کا تھیلا 300 روپے اضافے کے بعد 3200 روپے، جبکہ حیدرآباد میں 280 روپے مہنگا ہو کر 3480 روپے کا ہوگیا ہے۔ سکھر میں آٹے کا تھیلا 140 روپے اضافے کے بعد 3200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 190 روپے اضافے کے بعد 3220 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کے نرخ مختلف ہیں۔ سرگودھا اور ملتان میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 2933 روپے ہے، تاہم ملتان میں قیمت میں 66 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولپور اور گوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلا 3000 روپے، جبکہ سیالکوٹ میں 3133 روپے میں دستیاب ہے۔ لاہور میں اسی تھیلے کی قیمت 2300 روپے بتائی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور کے شہری 20 کلو آٹے کا تھیلا 3300 روپے جبکہ بنوں میں 3200 روپے میں خرید رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس کی قیمت 3373 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں قیمت 3333 روپے پر برقرار ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ آٹے کی قیمتیں شہر بہ شہر مختلف ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں حالیہ اضافے نے شہریوں کے گھریلو اخراجات پر مزید دباؤ ڈال دیا ہے۔