بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید 27 نئی بسیں پہنچ گئیں، مجموعی تعداد 296 ہوگئی
اس اضافے سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور موجودہ سروس کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید 27 نئی بسیں پہنچ گئیں، مجموعی تعداد 296 ہوگئی
پشاور: بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کے لیے خریدی گئی مزید 27 نئی بسیں چمکنی ڈپو پہنچ گئی ہیں، جس کے ساتھ ہی تمام 52 نئی بسوں کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے۔
ٹرانس پشاور کے مطابق گزشتہ ماہ 25 نئی بسیں پشاور پہنچائی گئی تھیں، جبکہ مزید 27 بسوں کی آمد کے بعد منصوبے کے لیے خریدی گئی تمام بسیں شہر پہنچ چکی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے بیڑے میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے۔ اس اضافے سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور موجودہ سروس کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسوں کی دستیابی سے بی آر ٹی کے نئے روٹس شروع کرنے میں بھی آسانی ہوگی، جس سے شہریوں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
دوسری جانب ٹرانس پشاور نے سوشل میڈیا پر نئی بسوں کی نقل و حرکت سے متعلق گردش کرنے والی ویڈیوز اور دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بعض ویڈیوز میں بسوں کی منتقلی کو اس انداز میں دکھایا گیا جیسے انہیں پشاور سے باہر لے جایا جا رہا ہو، جبکہ حقیقت میں یہ بسیں پشاور لائی جا رہی تھیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ تمام 52 نئی بسوں کی پشاور آمد سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی حقیقت واضح ہوگئی ہے۔ نئی بسوں کی شمولیت کو بی آر ٹی سروس میں بہتری اور مستقبل میں نئے روٹس کے آغاز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔