ایم ڈی کیٹ کے سوالیہ پیپرز واپس لینے کا اقدام غیر قانونی قرار

امتحان کے بعد امیدواروں سے سوالیہ پیپرز واپس لینا درست نہیں،جسٹس احسن رضا کاظمی

October 16, 2026 · قومی
ایم ڈی کیٹ کے سوالیہ پیپرز واپس لینے کا اقدام غیر قانونی قرار

ایم ڈی کیٹ کے سوالیہ پیپرز واپس لینے کا اقدام غیر قانونی قرار

راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے ایم ڈی کیٹ امتحانات کے بعد امیدواروں سے سوالیہ پیپرز واپس لینے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو سوالیہ پیپرز فوری طور پر ایپ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس احسن رضا کاظمی نے طلبہ کی جانب سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ امتحان کے بعد امیدواروں سے سوالیہ پیپرز واپس لینا درست نہیں۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی انتظامیہ کو فیصلے پر اسی روز عمل درآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

درخواست گزار طلبہ ریحان شاہد اور انابیہ طاہر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ امتحان مکمل ہونے کے بعد سوالیہ پیپرز اپنے پاس رکھنا امیدواروں کا قانونی حق ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر عمران افراسیاب نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ سوالیہ پیپرز واپس لینے کا اقدام غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔

سماعت کے دوران وفاق کی نمائندگی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ملک ظہیر ارشد نے کی۔ عدالت نے درخواستیں منظور کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو ہدایت کی کہ سوالیہ پیپرز امیدواروں کو فراہم کرنے کے بعد واپس نہ لیے جائیں اور انہیں فوری طور پر متعلقہ ایپ پر جاری کیا جائے۔

عدالتی فیصلے کے بعد ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو سوالیہ پیپرز تک رسائی دینے سے متعلق معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔