اسکول کی چھت گرنے سے 34 ہلاکتیں ، پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

درخواست میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، چیف سیکریٹری، محکمہ تعلیم اور پی ایس آر اے کو فریق بنایا گیا ہے

October 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور ہائیکورٹ میں دیر کالونی کے نجی سکول کی عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

عثمان عالم ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، چیف سیکریٹری، محکمہ تعلیم اور پی ایس آر اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ متعلقہ اداروں کی سنگین غفلت کے باعث سکول کی چھت گری، جس کے نتیجے میں 33 بچے اور ایک استانی ہلاک ہو گئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نجی سکولوں کی نگرانی اور رجسٹریشن کے مؤثر نظام کا فقدان ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ اور کرائے کی عمارتوں میں قائم تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

درخواست گزار نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔