گورنر خیبر پختونخوا کا پولیس کیلیے شہدا پیکیج بڑھانے کا اعلان

 کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے لیے شہدا پیکیج ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے لیے 1 کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے ، گریڈ 18 اور 19 کے لیے 3 کروڑ روپے کردیا گیا

October 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور شہداء کے ورثاء کے لیے مالی معاونت بڑھانے کا اعلان کردیا۔

کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے لیے شہدا پیکیج ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے لیے 1 کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے اور گریڈ 18 اور 19 کے لیے 3 کروڑ روپے کردیا گیا۔

گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے عہدیداروں کا شہدا پیکیج ساڑھے 3 کروڑ روپے کردیا گیا، ڈیوٹی کے دوران زخمی اہلکاروں کیلئے ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ اور مستقل معذوری پر 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی۔

کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کی جگہ 1 کروڑ 80 لاکھ روپے اور 20 گریڈ اور زائد کے پولیس افسران کے ورثاء کو 7 کروڑ روپے دیے جائیں گے، پولیس اہلکاروں کے والدین یا بہن بھائی کی وفات پر بھی 30 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔