کراچی : گلشن حدید میں 5 افراد کی ہلاکت کا معاملہ، ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی
میاں بیوی کی موت گولی لگنے سے ہوئی، بچوں کی ہلاکت کی وجہ تاحال نامعلومنہیں ہو سکی
فائل فوٹو
کراچی: گلشن حدید کی نجی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملنے کے افسوسناک واقعے کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں متعدد اہم انکشافات ہوئے ہیں۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق متوفی شہازیب اور ان کی اہلیہ صبا کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی، جبکہ تینوں بچوں شمائلہ، ایزل اور آریہ کی موت کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ متوفیہ شمائلہ کے بازوؤں پر پرانے زخموں کے نشانات موجود ہیں، جبکہ شہازیب اور ان کی اہلیہ صبا کے جسم کے مختلف حصوں پر ٹیٹو بنے ہوئے پائے گئے۔
طبی معائنے کے مطابق تمام افراد کی موت 12 اکتوبر کی دوپہر 3 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان ہوئی تھی، جبکہ ان تمام افراد کی لاشیں اگلے روز 13 اکتوبر کی صبح گھر کے اندر سے برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس اور تحقیقاتی ادارے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔