فریحہ ابراہیم کی ہاسٹل میں موت، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پر 2 کروڑ روپے جرمانہ
پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پر جرمانہ کیا
فائل فوٹو
لاہور: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ فریحہ ابراہیم کی ہاسٹل میں موت کے معاملے پر یونیورسٹی پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
دستاویزات کے مطابق پی ایم ڈی سی کی ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پر جرمانہ کیا، یونیورسٹی کو طلبہ کی حفاظت اور فلاح کے لیے اضافی اقدامات کا پابند بھی کیا گیا تھا۔
پی ایم ڈی سی نے یونیورسٹی کو طلبہ کے میڈیکل ہیلتھ چیک، مؤثر نگرانی اور احتساب کا نظام بنانے کی ہدایت کی جبکہ طالبات کے لیے کاؤنسلنگ، ہراسانی کی روک تھام اور مینٹورشپ پروگرامز نافذ کرنے کا بھی کہا گیا۔
فریحہ ابراہیم کی موت کے واقعے کے بعد پی ایم ڈی سی نے یونیورسٹی انتظامیہ سے تفصیلی جواب اور انکوائری رپورٹ طلب کی تھی۔
پی ایم ڈی سی کونسل کی منظوری کے بعد 2 کروڑ روپے جرمانے کا فیصلہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو بھجوا دیا گیا، تاہم یونیورسٹی نے جرمانے سمیت پی ایم ڈی سی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست دے دی ہے۔