سانحہ کارساز کے شہداء کی 19ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں قرآن خوانی
تقریب میں ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، اعجاز لغاری، زاہد جلبانی، سید ارشد راشدی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
سانحہ کارساز کے شہداء کی 19ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں قرآن خوانی
لاڑکانہ: سانحہ کارساز کے شہداء کی 19ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹو میں جان نثارانِ بے نظیر قبرستان میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو، اعجاز لغاری، زاہد جلبانی، سید ارشد راشدی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے سانحہ کارساز کے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کے دوران جذباتی انداز میں نعرے بھی لگائے گئے اور شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو پیش آنے والے سانحے کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی پر کراچی میں ان کے استقبال کے لیے نکالی گئی ریلی کو دو خودکش دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔
رہنماؤں کے مطابق اس سانحے میں 177 سے زائد افراد شہید اور 400 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ شہداء میں 20 ایسے افراد بھی شامل تھے جن کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ انہیں محترمہ بے نظیر بھٹو کی خواہش کے مطابق گڑھی خدا بخش بھٹو کے جان نثارانِ بے نظیر قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں ان کی قبروں پر ’’میں بھٹو ہوں‘‘ کے کتبے نصب کیے گئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان شہداء کی یاد میں ہر سال قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عقیدت و احترام سے یاد کیا جاتا رہے گا۔