حوثیوں کی سعودی شہریوں کو تیل تنصیبات اور ہوائی اڈوں کے قریب سے انخلا کی وارننگ
مکہ اور مدینہ کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ سعودی ہوائی اڈوں اور فضائی حدود سے گریز کریں، فضائی کمپنیوں کو بھی انتباہ
فائل فوٹو
صنعا:یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کے قریب موجود ملازمین اور شہریوں کو ایک بار پھر انخلا کی وارننگ جاری کی ہے۔
حوثیوں کے عسکری ذریعے نے گروپ کی خبر رساں ایجنسی سبا کو بتایا کہ یہ انتباہ چند روز قبل مشرقی سعودی شہر ظہران میں سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت ایک عمارت پر میزائل حملے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
حوثی ذریعے نے آرامکو کے شیئر ہولڈرز سے بھی اپیل کی کہ وہ دیر ہونے سے پہلے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے اپنے حصص فروخت یا واپس لے لیں۔
بیان میں فضائی کمپنیوں کو بھی خبردار کیا گیا کہ وہ مکہ اور مدینہ کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ سعودی ہوائی اڈوں اور فضائی حدود سے گریز کریں۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر متعدد حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے، جن میں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کیا گیا ایک مہلک حملہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے جواباً حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں یمن کا دارالحکومت صنعا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے 13 اکتوبر کو بھی سعودی عرب کی توانائی تنصیبات کے قریب موجود افراد کے لیے اسی نوعیت کے انخلا کے انتباہات جاری کیے تھے۔