قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنا رونالڈو کو مہنگا پڑ گیا؟،30روزہ پابندی اور جرمانہ
، رونالڈو رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے
قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنا رونالڈو کو مہنگا پڑ گیا؟،30روزہ پابندی اور جرمانہ
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے حوالے سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ قومی ٹیم کے کیمپ سے جانے اور کوچ کے ساتھ اختلافات کے معاملے پر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے 30 روزہ پابندی اور 255 یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، رونالڈو رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس سے پہلے ناروے کے خلاف میچ میں انہیں ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کرنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا تھا۔
رونالڈو نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے ان کے کھیلنے سے متعلق دو مرتبہ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ دوسری جانب کوچ نے کسی ایسے معاہدے کی تردید کی تھی، تاہم پرتگال کی ٹیم کی 2-1 سے کامیابی کے بعد رونالڈو کی واپسی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا گیا تھا۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کے مطابق، رونالڈو نے مبینہ طور پر جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ اس معاملے میں کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی، جبکہ واقعے سے متعلق رپورٹ بعد میں سامنے آئی۔
تاہم فیڈریشن کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی اور آیا اس سے پہلے گزرنے والا وقت بھی سزا میں شمار کیا جائے گا۔
رونالڈو اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیے بغیر چلے جانے اور ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر کیمپ سے روانہ ہونے پر معذرت کر چکے ہیں۔ انہوں نے سزا مکمل ہونے کے بعد قومی ٹیم کے لیے دستیابی ظاہر کرنے کا بھی ذکر کیا تھا۔